پاکستان سے مقابلے کیلئے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی

پاکستان کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم جمعرات کو براستہ دبئی کراچی پہنچ گئی.

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کراچی پہنچنے کے بعد تمام کھلاڑیوں کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے اور کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک کرکٹ ٹیم ہوٹل میں قرنطینہ کرے گی.

ادھر پی سی بی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کل بروز جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں‌پریکٹس بھی کرےگی اور دونوں‌ٹیموں‌کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا.

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا.

یاد رہے کہ اپریل 2018 کے بعد یہ ویسٹ انڈیز کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔مہمان ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے 2018 میں پاکستان آئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان کی سرزمین پر کوئی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ستمبر اکتوبر میں ہوم سیریز کی منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملک میں موجود فینز کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ فینز کی پسندیدہ ٹیم رہی ہے، مجھے امید ہے کہ این سی او سی اس سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے کر ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

شیڈول:
13 دسمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ
14 دسمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ
16 دسمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ
18 دسمبر: پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
20 دسمبر: دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
22 دسمبر: تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
23 دسمبر: ویسٹ انڈیز کی واپس روانگی