آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، میزبانی پاکستان کو مل گئی

سابق عالمی چیمپئن پاکستان کو 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کے اگلے ایڈیشن کی میزبانی کا اعزاز مل گیا ہے۔

کرکٹ کے عالمی امور کی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو تصدیق کی ہے کہ 2024 سے 2031 تک 8 نئے ٹورنامنٹس کی میزبانی 14 ممالک کریں گے۔ جبکہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

لیجنڈری فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور پاکستان کے سابق کپتان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر آئی سی سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں شعیب اختر نے ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کو 2025 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق ملنے کے بارے میں سن کر بہت پرجوش ہوں‘‘۔

چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے فخر اور خوشی کی بات ہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ خبر یقیناً لاکھوں پاکستانی شائقین، غیر ملکیوں اور عالمی شائقین کو عظیم ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے پرجوش کرے گی اور دنیا کو ہماری مہمان نوازی کا نمونہ پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا میزبان پاکستان اس ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا، ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی، آئی سی سی 1996 ورلڈکپ میں پاکستان مشترکہ میزبان تھا،ورلڈکپ 1996 کی میزبانی پاکستان، بھارت اور سری لنکا نے کی تھی۔ یہ میچز تین مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2024 امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہو گا،فروری 2025 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو گی جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے،اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی 2029 کی میزبانی بھارت کو دے دی گئی ہے۔