خبردار! نسوار منشیات کی فہرست میں شامل ،عرب ممالک میں سخت پابندی

عرب ممالک میں نسوار کو منشیات کی فہرست میں شامل رکردیا گیا ہے اور اس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے .

مشرق وسطیٰ کے ممالک کی جانب سے اس اعلان کے بعد پاکستان کے منشیات کو کنٹرول کرنے والے ادارے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بینرز آویزاں کردیے ہیں جس میں مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’نسوار‘ کے ساتھ عرب ممالک کا سفر نہ کریں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ سفر کے دوران نسوار لے جانا جرم ہے اور اگر کسی عرب ملک میں کسی کے سامان میں ’نسوار‘ پائی گئی تو اسے وہاں‌کے قانون کے تحت سخت سزا دی جائے گی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تمام مسافروں کو عرب ممالک کے سفر کے دوران اپنے ساتھ ’نسوار‘ لے جانے سے منع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ نسوار ایک سبز یا سیاہ رنگ کی طرح‌کا پاؤڈر ہے جسے تمباکو کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور زیادہ تر اس کا استعمال پاکستان کے شمالی علاقے کے افراد یا افغانستان میں‌کیا جاتا ہے.

اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گٹکا، نسوار اور پان کھانے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔