نیا سال نیاقانون، فرانس میں‌پلاسٹک پیکنگ پر پابندی

فرانس کی حکومت نے ملک بھر میں‌پھلوں اور سبزیوں کی پلاسٹک پیکنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ فہرست میں کھیرے‘ لیموں‘ نارنجی سمیت 30 پھل اور سبزیاں شامل ہیں تاہم پراسس شدہ پھل پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

نئے قانون کا اعلان کرتے ہوئے وزارتِ ماحولیات نے کہا ہے کہ فرانس ایک بار قابل استعمال پلاسٹک کی ’بڑی مقدار‘ کا استعمال کرتا ہے اور اس نئی پابندی کا مقصد ’پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنا اور اس کے متبادل کو بڑھانا ہے۔‘

یہ پابندی ایمانویل میکخواں کی حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے کئی برسوں پر محیط پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت بہت سی صنعتوں میں پلاسٹک کو آہستہ آہستہ ختم کیا جائے گا۔

فرانس کے صدر ایمانویل میخول نے پابندی کو ملک کیلئے ’ایک حقیقی انقلاب‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سنہ 2040 تک پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنے سے متعلق ملک کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

سنہ 2021 سے فرانس نے پلاسٹک کے سٹرا، کپ اور برتنوں کے علاوہ ’پولیسٹیرین ٹیک وے باکسز‘ پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔