پاکستانی طلبا کیلئے چین میں بڑی اسکالرشپ کا اعلان

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) حکومت پاکستان کی جانب سے چینی حکومت کے اسکالرشپ پروگرام 2022-23 کیلئے پاکستانی طلباء اور اسکالرز سے درخواستیں طلب کی ہیں۔

چینی اسکالرشپ کونسل (سی ایس سی) پاکستانی طلباء اور اسکالرز کو چین کی بڑی جامعات میں مطالعہ اور تحقیق کرنے کی پیشکش کر رہی ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو بڑھانا ہے۔

چینی اسکالرشپ کونسل جو چینی وزارت تعلیم کے تحت کام کرتی ہے، اسکالرشپ پروگرام کے اندراج اور انتظامیہ کی ذمہ دار ہے۔ چینی اسکالرشپ کونسل بین الاقوامی طلباء، اساتذہ اور اسکالرز کو انڈرگریجویٹ سے پی ایچ ڈی تک ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسپانسر کرتی ہے جس میں کچھ ڈگری پروگراموں میں ایک سال کیلئے چینی زبان کا سیکھنا بھی شامل ہے۔

اشتہار آخر میں موجود ہے

ایچ ای سی کے مطابق آن لائن درخواست جمع کرانے کا عمل جو ایچ ای سی نے دسمبر کے پہلے ہفتے میں شروع کیا تھا 3 جنوری 2022 کو ختم ہو جائے گا۔

چینی اسکالرشپ پروگرام کے مطابق انڈرگریجویٹ طلباء کیلئے کم از کم ماہانہ وظیفہ 2500 یوآن ہے۔ ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کے طلباء کیلئے وظیفہ بالترتیب 3000 اور 3500 یوآن ہے۔ کوئی بھی درخواست دہندہ اچھی صحت کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر سمیت پاکستان کے کسی بھی حصے سے اسکالرشپ حاصل کرسکتا ہے جبکہ دوہری شہریت رکھنے والے درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ چین کی نامزد یونیورسٹیاں تمام سطحوں پر اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کے لیے سائنس، انجینئرنگ، زراعت، طب، معاشیات، قانونی علوم، انتظام، تعلیم، تاریخ، ادب، فلسفہ اور فنون لطیفہ وغیرہ میں مختلف قسم کے تعلیمی پروگرام پیش کرتی ہیں۔