Karachi Mahota Palace

سیاحت کے فروغ کیلئے کراچی ائیرپورٹ پر ڈیسک قائم

اس مشکل اور مصروف ترین زندگی میں سیر و تفریح انسان کے تروتازہ ہونے کیلئے انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ سکون حاصل کرسکے۔

اس سلسلے میں سیاحت کے فروغ اور عوام کو سیاحتی مقامات کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کیلئے کراچی ایئرپورٹ پر ایک سیاحتی ڈیسک قائم کردی گئی ہے۔

Jinnah International Airport

سیاحتی ڈیسک کے قیام کا افتتاح سندھ کے وزیر ثقافت اور سیاحت سید سردار شاہ، وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید قمر اور سندھ ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ممبران نے کیا۔

ڈیسک کے قیام کا مقصد پاکستان بالخصوص سندھ کے تاریخی و سیاحتی مقامات کے حوالے سے سندھ یا پاکستان کے دیگر شہروں میں سیر و تفریح کیلئے جانے والے ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی رہنمائی اور معلومات فراہم کرنا ہے۔

Karachi Airport Tourism Desk

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت سندھ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور کراچی ائیرپورٹ پر سندھ کی سیاحتی مقامات کے بارے میں معلوماتی ڈیسک یقینی طور پر صوبے میں سیاحت کو فروغ دے گا۔

سید قاسم نوید قمر نے مزید کہا کہ سیاحت ، تاریخ اور تہذیب کے معاملے میں سندھ مالا مال ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی تہذیب و تمدن کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے اور محکمہ سیاحت سندھ کے اس عمل سے بیرونی ممالک سے آئے سیاحوں کو سندھ کی سیاحت دیکھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہزاروں سال کی تاریخ رکھنے والا صوبہ ہے اور سندھ کی سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں۔